ماسکو(این این آئی)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے پاکستان، چین اور امریکہ کے ساتھ مل کرافغانستان میں ثالثی کی پیشکش کی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے اپنے دورہ ہنگری کے حوالے سے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان، چین اور امریکہ کے ساتھ مل کر افغانستان میں ثالثی کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ روس کسی بھی وسطی ایشیائی ملک میں امریکہ کے فوجی اڈے قائم کرنے کے خلاف ہے۔روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اڈے دینے والا وسطی ایشیائی ملک خود ہدف بن جائے گا۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان میں قیام امن و امان کو یقینی بنانا اور وہاں موجود بحران کا خاتمہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خطے میں امن و سلامتی یقینی ہو۔سرگئی لارووف نے کہا کہ افغان مہاجرین کی آمد سے وسطی ایشائی ممالک کے استحکام کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔