لاہور (آن لائن)جنرل ہسپتال میں مریضہ کئی ماہ سے لواحقین کی منتظر ۔ تفصیلات کے مطابق اعوان مارکیٹ نشتر کالونی سے ریسکیو 1122حادثے میں زخمی خاتون کو شعبہ ایمرجنسی لے کر آئے تھے ۔ علاج معالجہ مکمل ہونے کے باوجود خاتون ہڈی وارڈ میں ہی مقیم ہے۔
پروفیسر آف آرتھوپیڈک ڈاکٹر محمد حنیف ، ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف نے انسانی ہمدری کے تحت مریضہ کوبہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے بعد وارڈ میں ہی رکھا ہوا ہے کیونکہ مریضہ اپنا نام و ایڈریس نہیں بتا رہی۔ ڈیوٹی ڈی ایم ایس نے فوری پولیس کو اطلاع دی تھی مگر ابھی تک اس کے اہل خانہ کا پتہ نہیں چل سکا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی انسانی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے نامعلوم خاتون کی ہر طرح کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جو انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے مذکورہ خاتون کی تصویر جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اگر اس کو جانتے ہوں تو ڈی ایم ایس ایمرجنسی ایل جی ایچ سے رابطہ کریں۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس جنرل ہسپتال، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور ڈپٹی نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو کو ہدایت کی کہ وہ مریضہ کے عزیز اوقارب کے ملنے تک نگہداشت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور روزانہ کی بنیاد پر مذکورہ مریضہ کی بنیادی ضروریات زندگی کو یقینی بنائیں۔