لاہور(این این آئی)پی ڈی ایم اور جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پی ڈی ایم سے الگ ہونیوالے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، ہمارا ہدف الگ ہونے والے نہیں بلکہ نااہل حکومت ہے۔ پی ڈی ایم کی تحریک نا اہل حکومت کی رخصتی تک جاری رہے گی،
پی ڈی ایم نے ایک بار پھر عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم عوامی قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے،ہم قانون اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں اور آئین میں ہر ادارے کی حدود کا تعین کر دیا گیا، ہمارے نذدیک ہر ادارے کو آئین کی حدود میں رہ کر کام کر نا چاہیے۔میڈیاسے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ڈی ایم کا سفر جاری ہے سفر کے دوران کبھی سواری اتر بھی جاتی اور کبھی رکتی بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کے کارواں سے الگ ہونے والوں سے ہم یہی کہیں گے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کا حصہ رہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم آئین اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت ہے،ناکام حکومت نے عوام کو پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور ہمارا ہدف یہی حکومت ہے ہم اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قوم اور تمام جماعتوں کا ہدف ناجائز اور نا کام حکومت ہے،پی ڈی ایم سے الگ ہونے والے ہمارا ہدف نہیں ہے۔ مولانا نے کہاکہ ہماری تحریک ناکام حکومت سے چھٹکارے تک جاری رہے گی۔ پی ڈی ایم سوات کراچی اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات منعقد کرے گی۔