راولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت سے تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی،پاک فوج دیرپا امن کے لیے تمام کوششیں کرے گی، سماجی، اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ منگل کو آئی ایس پی آر کے
مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو سیکیورٹی صورت حال، پیشہ ورانہ تیاریوں، پاک ایران، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل پر بریفنگ دی گئی، پاک فوج کے سپہ سالار کو صوبائی حکومت کے ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی کے اقدامات سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قیام امن کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کی ہدایت کی اور افسروں و جوانوں کی سنجیدہ کوششوں اور بلند عزم کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج دیرپا امن کے لیے تمام کوششیں کرے گی، سماجی، اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، دہشت گردوں کو امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی