لاہور (این این آئی)معروف مبلغ ،نعت خواں اورگلوکارجنیدجمشیدکے 30سالہ کیریئر پرمبنی دستاویزی شارٹ فلم آنسو یکم دسمبرکوریلیزہوگی ۔ مذکور فلم میں جنیدجمشیدکی شخصیت کی پوشیدہ جہتوں کواجاگرکیاگیاہے جو اس سے قبل منظرعام پرنہیں آسکیں۔
فلم میں ان کے انتقال سے قبل سلمان احمدکے ساتھ ہونے والی دلچسپ گفتگو شامل ہے اور7دسمبر2016 کوان کے انتقال سے قبل جہازمیں ہونے والی گفتگوبھی موجودہے ۔ بتایاگیاہے کہ جنیدجمشید اپنی زندگی میں آ نسوکے نام سے ایک سپیل پراجیکٹ تیارکرناچاہتے تھے جس کامرکزی خیال معروف صوفی شاعربلھے شاہ ؒ کی نظم کدے آمل یارپیاریاکے گردگھومتاہے ۔ تاہم زندگی نے انہیں اتنی مہلت نہ دی کہ وہ اسے مکمل کرسکتے ۔ ڈاکیومنٹری میں یہ بھی دکھایاگیاہے کہ جنیدجمشید دنیاکوکس پہلوسے دیکھتے تھے اوران کی فکر کیاتھی۔ اس میں یہ بھی دکھایاگیاہے کہ وہ اپنے دوستوں ، خاندان کے افراد،پرستاروں اوراپنے وطن پاکستان سے کس طرح محبت کرتے تھے ۔فلم کے پروڈیوسراورہدایتکارپاکستانی نژادامریکی شہری عمران احمدخان ہیں ۔