ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کے اداکار سیف علی خان اپنی صاحبزادی سارہ کے فلموں میں کام کرنے کے فیصلے سے خاصے ناراض ہیں۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی والدین نہیں چاہے گا کہ ان کے بچوں کو زندگی میں کسی بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ اس لیے سارہ کو کسی اور شعبے یا کاروبار کو منتخب کرنا چاہیے۔
سیف علی خان کا کہنا تھا کہ میں سارہ کے مستقبل سے پریشان ہوں کہ وہ اپنے آپ کو انڈسٹری میں کیوں لانا چاہتی ہیں؟۔ سارہ سمجھنا چاہیے کہ انہوں نے کہاں اور کیسی تعلیم حاصل کی ہے اور اس کے بعد انہیں کہاں رہنا چاہیے اور کیا کام کرنا چاہیے۔ میں انہیں ایکٹنگ کرتے نہیں دیکھنا چاہتا کیونکہ یہ ایک مستقل پروفیشن نہیں ہے۔ سیف نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کسی کی کوئی ضمانت نہیں کہ وہ بہترین کام کرنے کے بعد بھی کامیاب ہو پائے گا یا نہیں۔ ہر والدین اپنے بچوں کی زندگی کومحفوظ بنانا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ سارہ علی خان ان دنوں میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ خبریں ہیں کہ وہ سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم ’کیدارناتھ‘ سائن بھی کر چکی ہیں۔ ان کے اس فیصلہ سے سب خوش ہیں لیکن ان کے والد سیف علی خان اس فیصلے سے کافی ناراض ہیں۔