ندن(نیوز ڈیسک)جیمز بانڈ سیریز کی فلم سپیکٹر کے کریو کی ہلڑ بازی کے باعث پرائیویٹ کمپنی کا جیٹ طیارہ حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گیا۔ فلم کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ گیارہ روز قبل پیش آیا اور اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جیمز بانڈ فلم کریو کے کچھ افراد چارٹرڈ طیارے ایئر بس اے 20 کے ذریعے مڈل سیکس سے میکسیکو سٹی جا رہے تھے جب کثرت شراب نوشی کے باعث وہ دوران پرواز ہلڑ بازی پر اترے آئے۔ انہوں نے طیارے کے دروازے کی ایک سیفٹی پن کھینچ نکالی، طیارے کے اندر ہی قے اور پیشاب کر دیا اور دوسرے مسافروں اور کیبن کریو کو گالیاں دیتے رہے، ایک دوسرے سے لڑائی کرتے رہے۔ میڈیا کے مطابق سیفٹی پن کھینچنے کے باوجود طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا اور کسی خوفناک حادثے کا شکار نہیں ہوا۔ پروڈیوسر نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ میکسیکو سٹی کے ٹیلوکا ایئرپورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق جس طیارے سے یہ کریو برآمد ہوا اس کی اندرونی حالت انتہائی بری تھی اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے طیارے میں انسانوں کی بجائے جانور وقت گزار کرآئے ہوں۔ طیارے کی صفائی کے لئے خصوصی فرم کی خدمات حاصل کی گئیں جس نے 20ہزار پیسو یعنی تقریبا 1 ہزار ڈالر معاوضہ وصول کیا۔ فلم کے کریو میں مرکزی اداکار ڈینیل کریگ یا فلم کی کاسٹ کا کوئی بھی رکن شامل نہیں، کریو میں وہ لوگ شامل تھے جو پروڈکشن سے وابستہ ہیں لیکن ان کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔