اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹیں اور کسی بھی شہری کی زندگی کو داغدار کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک مل گیا ،محرم الحرام کے بعد گرینڈ آپریشن کیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی شخصیت کی تضحیک کے لئے سپیشل سیل بنائے گئے ہیں اور وہ سیل متعدد سیاسی جماعتوں سمیت دیگر بااثر افراد نے اپنے مخالفین
کو زیر کرنے کے لئے بنائے گئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا جائے گا جبکہ جھوٹ پر مبنی لٹریچر اور کسی بھی شہری کی ذاتی زندگی پر کیچڑ اچھالنا ، مواد اپ لوڈ کرنا اور جھوٹ پر مبنی قیاس آرائی کرنے کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ارباب اختیار کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر کارروائی کی جائے گی اور تمام تر ڈیٹا اور سینکڑوں درخواستیں تحقیقاتی ادارے کے پاس پہلے ہی موجود ہیں۔