ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں اہلیہ اور ملازمین کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی گئی جبکہ انسانی حقوق کے رضاکاروں نے مذکورہ اقدام کو بنیادی حقوق کے منافی قرار دے دیا۔دی انٹیپنڈنٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق
سعودی وزارت داخلہ کے زیر انتظام متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ ’Absher‘ یعنی ’جی سر‘ کو تقریباً 10 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے شوہروں کو اپنی اہلیہ کی جانب سے پاسپورٹ استعمال کرنے پر بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع مل جائے گی۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے سعودی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایپلیکیشن کے ذریعے مرد کی بالادستی پر مشتمل نظام کو ختم کرے۔خواتین کے حقوق کی محقق روتھنا بیگم نے کہا کہ سعودی حکام نے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے مردوں کو خواتین اور مالکان کو ملازمین کی نقل و حرکت کو انتہائی محدود کرنے کا موقع فراہم کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی پابندیاں لوگوں کی ذاتی زندگی میں مداخلت کے مترادف ہے جس کے نتیجے میں گھریلو تنازعات جنم لیں گے اور ملازمین کے حقوق متاثر ہوں گے۔خیال رہے کہ مذکورہ ایپلیکیشن کی مدد سے خواتین کے بیرون ملک دوروں سے متعلق تمام معلومات بھی واضح ہو جائیں گی۔