اسلام آباد(این این آئی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 تا 16 اکتوبر تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹر وے استعمال کرے گا۔ایف 5، جی 5 اور جی 6 مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والا ٹریفک نائنتھ ایونیو استعمال کرے گا جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والا ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ بنی گالہ لہتڑاڑ روڈ استعمال کریں گے، راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والا ٹریفک صدر اور مری روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کرے گا۔زیرو پوائنٹ، فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے کے لیے ٹریفک بند ہو گا، شہری متبادل طور پر ایکسپریس وے کے لیے سروس روڈ استعمال کریں۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ استعمال کریں گے۔