ملتان(این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہے کہ پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ یا احتجاج کرلے لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی، نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلے لگایا اور کشمیریوں سے بغاوت کی،سینیٹ انتخابات اوپن کرانے سے متعلق ہمارے پاس قانون سازی کیلئے دو تہائی اکثریت نہیں،چاہتے ہیں ایسا
شفاف نظام لایا جائے جس میں کرپشن اور خریدوفروخت کے بازار بند ہو جائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت قائم رکھنے اور ووٹوں کی خریدو فروخت ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخابات چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں ایسا شفاف نظام لایا جائے جس میں کرپشن اور خریدوفروخت کے بازار بند ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی کی شق 23 میں لکھا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروائے جائیں گے تاہم اب دونوں جماعتیں اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکی ہیں، ہم نے اس مقصد کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ آئینی تشریح کی جائے۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ قانون سازی کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، پاکستان کی تاریخ گواہ ہے سینیٹ کے سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف نے شکایت ملنے پر اپنے 20 اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے بے دخل کردیا تھا جب کہ پی ڈی ایم ایک طرف حکومت کو جعلی حکومت کہتی ہے اور دوسری طرف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیکر اسی جعلی اسمبلی میں جاناچاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو عمران فوبیا ہوگیا ہے، پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ یا احتجاج کرلے تاہم لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی، نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلے لگایا اور کشمیریوں سے بغاوت کی تاہم کسی بھی صورت میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں۔