لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل عطا تارڑ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے بہنوئی کا جھگڑا ہے، یہ پلاٹ آٹھ دس دفعہ بک چکا ہے اور عمران نیازی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سی سی پی او کو
ہدایت جاری کی اور اس پلاٹ کا قبضہ لیا، اس پر نیب کا کیس بنتا ہے، کیا چیئرمین نیب اختیارات کے ناجائز استعمال کا نوٹس لیں گے، کیا وہ اس بات کا نوٹس لیں گے کہ ایک وزیراعظم نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایک زمین پر پولیس کے ذریعے ناجائز قبضہ کرایا، کل عمران نیازی فرما رہے کہ عوام کو کوئی بے وقوف نہیں بنا سکتا، عطا تارڑ نے کہا کہ میں ان سے اتفاق کرتا ہوں، عمران نیازی کے علاوہ کوئی عوام کو نہ بے وقوف بنا سکتاہے نہ کسی نے بنایا ہے، یہ انتقامی کارروائیاں ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کی بند کی جائیں، ہم افسروں کی فہرست تیار کر رہے ہیں جو سیاسی بنیادوں پر ان کے غیر قانونی احکامات مان رہے ہیں اور ہم وقت آنے پر اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، عطا تارڑ نے کہا کہ میں ان افسران سے دوبارہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ حکومت پاکستان کے ملازمین ہیں عمران نیازی کے ذاتی ملازمین نہیں ہیں، اس لئے قانون کے مطابق چلیں ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم آپ کے نام پبلک کریں اور آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کریں۔