لاہور(آن لائن) حکمران چینی مافیا کے سامنے تھر تھر کانپ رہے ہیں، 9 ماہ سے چینی مافیا کے خلاف جاری کارروائی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد علی درانی نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان سے ایک پائی بھی
وصول نہیں کی جا سکی ہے۔ البتہ چینی مافیا نے عوام کی جیبوں پر ہزاروں ارب روپے کا ڈاکا ڈالا ہے۔ حکومت ایکشن لینے کے بجائے عوام کو شوگر مافیا کی دھمکیوں سے ڈرا رہی ہے۔ چینی مافیا و حکومتی گٹھ جوڑ نے عوام اور کسان کو ایڑیاں رگڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔ پی ایم ایل ایف کے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے شوگر ملز مالکان کو سبسڈی کی صورت میں فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ شوگر مافیا کے خلاف جے آئی ٹی کام کر رہی ہے، حکومتی کارروائیاں بھی بیانات تک محدود ہیں۔ ایک پیسہ بھی نہ حکومتی خزانے میں واپس آیا نہ عوام کو کوئی ریلیف ملا، نہ کسی کو سزا ہوئی نہ کوئی جرمانہ، البتہ چینی 45 روپے سے بڑھ کر 95 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل 40 سال سے جاری چینی مافیاکا حکومت پر قبضہ ختم کرنے اور ان کی لوٹ مار کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے سات نکاتی ایکشن پلان جاری کر رہی ہے جس سے پاکستان میں چینی بحران ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گا۔ محمد علی درانی نے مزید کہا کہ پی ایم ایل ایف نے چینی مافیا کے خلاف جو ایکشن پلان شروع کیا ہے یہ سلسلہ عوام کے مفاد میں آگے بڑھتا جائے گا۔ نہ آٹا مافیا اس سے بچے گا، نہ ادویات مافیا بچے گا، نہ پٹرول اور گیس مافیا کو چھوڑیں گے اور دیگر تمام استحصال کرنے والی قوتوں کے خلاف اب مسلم لیگ فنکشنل عوام کے تعاون سے ایسے
عملی اقدامات اٹھائے گی جس کے نتیجے میں دنیا کے تمام مہذب ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اداروں کو عوام کے مفاد میں کام کرنا پڑے گا۔ مرکزی نائب صدر مقصود بٹ نے پارٹی کے پالیسی سنٹر کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ان کا قابل عمل حل پیش کرنے کے لیے پالیسی سنٹر دن رات کوشاں ہے۔ پارٹی کے صوبائی
جنرل سیکرٹری میاں مصطفے رشید نے کہا کہ مرکزی صدر جناب پیر صاحب پگارا کی سرپرستی میں چینی مافیا کے خلاف علم بلند کر دیا ہے۔ ہمارے 7 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونے تک یہ مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران پارٹی قیادت گنے کی کاشت کرنے والے تمام اضلاع کا دورہ کرے گی اور کسانوں، وکلا، تاججروں، صحافیوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی
سے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورت اور معاونت حاصل کی جائے گی۔ پارٹی کے صوبائی صدر مخدوم اشرف اقبال نے پریس بریفنگ میں شرکت کرنے والے میڈیا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور امید ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں میں وہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے ہمقدم ہو گا۔