لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ادائیگی میں کٹوتی کرنے والی شوگرملوں کے خلاف سخت سزائوں کا آرڈیننس جاری کر دیاہے اور دی شوگر فیکٹریز
(کنٹرول) ترمیمی آرڈیننس 2020 کا گزٹ نوٹیفکیشن کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس کی شقوں کی خلاف ورزی پر 3 سال تک قید یا 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔ گنے کے کسانوں کو ادائیگیوں کے سلسلے میں اب پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی کاشتکاروں کا کوئی استحصال کرسکے گا۔ شوگر مل مالکان کاشتکاروں سے نوٹیفائیڈ ریٹ پر گنا خریدنے اور پکی رسید جاری کرنے کے پابند ہوں گے جس پر گنے کا وزن اور قیمت بھی درج ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے ذریعے ادائیگی کی پابندی سے کاشتکار کو اس کی محنت کا معاوضہ ملے گا اور آئندہ سے کرشنگ سیزن بروقت شروع ہوسکے گا۔ ترمیمی آرڈیننس کے اجراء سے کاشتکاروں کے مفاد کاتحفظ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے۔