لاہور( این این آئی)مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر گاڑیوں میں پتھر لانے کا الزام لگنے پر رکن پنجاب اسمبلی مرزا جاوید مبینہ طور پر روپوش ہو گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے پتھر لے جانے کے حوالے سے میڈیا میں بیان دینے والے اپنے کارکن ایوب وساوا بھٹہ کا کردار مشکوک قرار دیتے ہوئے انکوائری کرنے کا کہہ دیا ۔ خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوب وساوا بھٹہ کا کردار پہلے ہی مشکوک تھا اور اب ہم اس کی
انکوائری کر کے حقائق خود میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ دوسری جانب مریم نواز کے قافلے میں پتھر لانے کا الزام لگنے کے بعد رکن پنجاب اسمبلی مبینہ طور پر روپوش ہو گئے ہیں اور ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔ ایوب بھٹہ نے الزام عائد کیا تھاکہ مرزا جاوید نے انہیں اپنی گاڑی میں بیٹھنے کے لئے کہا تھا لیکن انہوں نے اس پر انکار کر دیا تھا ۔ جبکہ میڈیا نے ایک فوٹیج بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا کہ مرزا جاوید کا بیٹا اور ملازم گاڑی میں پتھر وں کے شاپر رکھ رہے ہیں ۔