لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر پتھرائو کر کے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتار 58ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ، وکلاء نے ملزمان کی ضمانت کیلئے درخواست بھی دائر کر دی جس پر تھانہ چوہنگ سے کل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ۔پولیس نے 58 لیگی کارکنان کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ
ذوالفقار باری کے رو برو پیش کیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے 8روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات ہیں کہ قافلے میں شریک کچھ ملزمان کے پاس اسلحہ بھی تھا جبکہ ملزمان کے وکلاء نے اس کی مخالفت میں دلائل دئیے ۔عدالت میں پیش کئے گئے لیگی رہنما اور کارکنان وکٹری کا نشان بناتے رہے ۔ مسلم لیگ (ن) نے فرہاد علی شاہ اور رائے تنویر ارشد کی وساطت سے ملزمان کی ضمانت پر رہائی کیلئے بھی درخواست دائر کر دی ۔