لاہور( این این آئی )سیکرٹری اوقاف نے مسجد وزیرخان میں گانے کے سین کی عکس بندی کے معاملے پر منیجرسرکل 4 اشتیاق احمد کو معطل کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اوقاف سرکل 3 لاہور جمیل اخترکو سرکل 4 کا اضافی چارج دیدیا گیا۔ معطل منیجر 10 اگست کو حکام کے
سامنے پیش ہوکروضاحت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اورجو بھی ذمہ دار ہو، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مسجد مقدس ترین مقام ہے اور کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو بھی ذمہ دار ہوا،وہ قانون کے تحت سزا سے بچ نہیں پائے گا۔ مساجد کے تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔