اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر کے 16 سیکیورٹی کیمرے خراب ہوگئے تاہم سی ڈی اے کی جانب سے بجٹ کی کمی کے باعث کیمروں کی مرمت نہیں کی جا سکی جبکہ کنونشن سنٹر میں صدر اور وزیر اعظم سمیت کئی اہم وزراء اور عوام کی کثیر تعداد
مختلف تقریبات میں شرکت کرتی ہے،خراب سی سی ٹی وی کیمروں کے باعث اہم ترین شخصیات کے پروگرام خطرے میں پڑھ گئے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری و غیر سرکاری سطح پر اہم تقریبات کے لئے مختص کنونشن سنٹر میں نصب 16 سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ،گزشتہ چار ماہ کے دوران کیبنٹ ڈویڑن اور وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے ) کے حکام کو کیمروں کی خرابی کے متعلق دو مرتبہ آگاہ کیا۔ ذرائع سی ڈی اے کے مطابق کنونشن سنٹر میں نصب سکیورٹی سسٹم پرانا ہونے کی وجہ سے قابل مرمت نہیں، پورا سکیورٹی سسٹم تبدیل ہونے کے قابل ہے۔