اسلام آباد (این این آئی)انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کرلیا ،133 سوالات پر مشتمل سوال نامہ ملزمان کو دے دیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی ۔ دور ان سماعت انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان سے 133 سوالات کا جواب مانگ لیا ،عدالت نے استغاثہ کے شواہد کی روشنی میں ملزمان سے سوالات پوچھ لیے۔
ملزمان کی لندن، سری لنکا آمد اور روانگی سے متعلق بھی سوال سوالنامے کا حصہ ہے ، سوال نامہ کے مطابق کیا ملزمان استغاثہ کے الزامات کے خلاف کوئی دفاع پیش کرنا چاہتے ہیں؟ ۔ملزم محسن علی، خالد شمیم اور معظم علی کو سوالات کی روشنی میں بیانات قلمبند کروانے کا حکم دیدیاگیا ۔ عدالت نے کہاکہ ملزمان سولہ مارچ کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت بیانات قلمبند کروائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کردی۔