راولپنڈی(آن لائن) وادی نیلم، گلگت اور بلوچستان کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ متاثرین کو خیمے، کمبل، راشن، دوائیں اور تیار کھانا فراہم کیا گیا جبکہ سکردو شاہراہ بھی مختلف مقامات پر کھول دی گئی ہے۔ بدھ کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وادی نیلم، گلگت اور بلوچستان کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں
ریسکیواورریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوان، ایف ڈبلیو او اور سول انتظامیہ مشترکہ اقدامات کررہے ہیں جبکہ متاثرین کو خیمے، کمبل، راشن، دوائیں اور تیار کھانا بھی دیا گیاہے۔ قراقرم، جگلوٹ، سکردوشاہراہ مختلف مقامات پر کھول دی گئی ہے اور پٹن، مٹہ بانڈے، اشتیال، تتہ پانی، ہنزہ، سوست اور خنجراب سے آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔ جبکہ آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی امدادی سامان متاثرین کو مہیا کیا جا رہا ہے۔