اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقاتوں کے بعد چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں، جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہاکہ ہم پرامید ہیں چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں، قوم کا ایک ہی دفع خوشخبری سنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ معاملہ کے حل کے لئے بہت ساری تجاویز ہیں جلد خوشخبری سنائیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر حلقے کھلوانے ہیں تو وزیراعظم جوڈیشل کمیشن پر بھی اتفاق کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر اسد قیصر کو ٹی او آرز بنانے کی ہدایات بھی کر دی ہیں، انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن سمیت جس پر مولانا راضی ہونگے اسی پر بات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بہت ساری تجاویز دی ہیں،پر امید ہیں جلد نتیجہ نکلے گا۔ صحافی نے سوال کیاکہ کیا مولانا فضل الرحمن وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ سے پیچھے ہٹ گئے؟۔، پرویز الٰہی نے جواب دیاکہ جلد اچھی خبریں دینگے۔صحافی نے سوال کیاکہ مولانا کو جوڈیشل کمیشن پر تیار کرلیا؟ پرویز الٰہی نے کہاکہ جس بات پر مولانا راضی ہونگے وہی بات ہوگی۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن کی ر ہبر کمیٹی نے حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم استعفیٰ دیں تو مسئلہ ہی حل ہو جائیگا،دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کرے گا،ہم کچھ پتے اپنے پاس رکھیں گے۔رہبر کمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی نے میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہاکہ آزادی مارچ کے معاملے کو زیر بحث لایا گیا ہے،آزادی مارچ کے شرکا کی شرکت کو سراہا،رہبر کمیٹی نے حکومت پر مزید دباو بڑھانے کا فیصلہ کیا،آئندہ چند دنوں حکومت پر دباؤ کے حوالے سے فیصلہ کریں گے، دو دن میں بڑی خبر دیں گے شرکا ء اس کا انتظار کر یں۔ فرحت اللہ بابر نے کہاکہ حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے حکومت پر دباؤ بڑھائیں گے۔
اکرم درانی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان سے چوہدری پرویز الہی سے کہا کہ جو فیصلہ ہو گا،رہبر کمیٹی کے ممبران کے زریعے ہی ہو گا۔فرحت اللہ بابر نے کہاکہ یہ حکومت کو بھی سوچنا ہو گا کہ کہ حکومتی کمیٹی ختم کر دی ہے،ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے استعفیٰ کا استعفیٰ دے تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اکرم درانی نے کہاکہ بنوں سے مزید قافلے آرہے ہیں،یہاں پر بھی کھانے اور رہائش کا بندوبست کیا جارہا ہے،ٹینٹ بھی لگائے جارہے ہیں۔ اکرم درانی نے کہاکہ دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کرے گا۔میاں افتخار حسین نے کہاکہ شرکاء کے اتنے بڑے حوصلے ہم نے بہت کم دیکھے ہیں۔ ایک سوال پر اکرم درانی نے کہاکہ ابھی تک ہم اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔