کراچی(این این آئی)گورنر سندھ عمران اسماعیل بالآخر14ماہ بعد ڈیفنس میں واقع اپنے ذاتی گھر سے اہل خانہ کے ہمراہ گورنر ہائوس منتقل ہو گئے ہیں۔گورنرہائوس ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل گورنر ہائوس کے فیملی ونگ کے بجائے اپنے اسٹاف افسر کے سرکاری مکان میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل 15 دن قبل ڈیفنس میں واقع اپنے گھر سے باقاعدہ طور پر گورنر ہائوس میں منتقل ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ عمران اسماعیل اہل خانہ کے
ساتھ گورنر ہائوس کے فیملی ونگ کے بجائے اپنے اے ڈی سی کے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔عمران اسماعیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ منصب سنبھالنے کے بعد گورنر ہائوس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے، بلکہ اپنے ذاتی گھر میں ہی رہ کر حکومت کی کفایت شعاری مہم کو پروان چڑھائیں گے۔ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل گورنر ہائوس میں اپنی منتقلی کو میڈیا سے چھپانا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں متعلقہ افراد کو خصوصی ہدایات بھی دی گئی تھیں۔