اسلام آباد (این این آئی)انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں عمران فاروق قتل کیس میں تین اہم برطانوی گواہ پاکستان نہ آسکے ، عدالت نے ایف آئی اے کی مہلت کی درخواست منظور کرلی ۔بدھ کو کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج جواد عباس نے کی،عمران فاروق کیس کے تین اہم برطانوی گواہ پاکستان نہ آسکے ۔ ایف آئی اے نے بتایاکہ آزادی مارچ کی وجہ سے گواہان کو پیش کرنے میں خطرہ تھا۔ایف آئی اے کی جانب سے گواہان پیش کرنے کیلئے 20 سے 25دن مہلت کی درخواست دی گئی ،
عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کر لی ۔عدالت نے تین برطانوی گواہان کو 2 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا برطانوی گواہان میں لندن پولیس کا چیف انسپکٹر ، ایک سارجنٹ اور ایک کانسٹیبل شامل ہیں ۔ پراسیکوٹر خواجہ امتیاز نے کہاکہ ملزمان کو بھی عدالت نہیں لایا جا سکتا ہے، پولیس اہلکار دھرنا ڈیوٹی پر مامور ہیں۔پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے کہاکہ جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن چیف کمشنر واپس لے چکے ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔