لاہور(این این آئی)پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے پیپلز پارٹی ہرجمہوری طریقہ اپنائے گی،نواز شریف اور مریم نواز کو جو عدالتوں نے ریلیف دیا ہم اس کی تعریف کرتے ہیں،آصف زرداری بھی شدید بیمار ہیں انہیں کسی عدالت نے کوئی سزا نہیں دی انہیں فوری طور پر آزاد کیا جانا چاہیے اور مریم نواز کی طرح فریال تالپور کو بھی میرٹ پر ضمانت ملنی چاہیے،
پیپلزپارٹی اس فاشسٹ حکومت کو کسی فاشسٹ انداز میں انتہائی قدم کے تحت ہٹانے سے گریز کر رہی ہے اسی لئے ہم دھرنے جیسی ناپسندیدہ آپشن پر فی الحال جانے کیلئے تیار نہیں،ہمارے ملک کی جمہوریت بہت کمزور ہے لہٰذاہم احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے چوہدری منظور احمد، چوہدری اسلم گل،ملک عثمان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بعد بلاول بھٹو خیبر پختوانخواہ جائیں گے، یوم تاسیس کا جلسہ مظفر آباد میں ہو گا جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمعیت علمائے اسلام دھرنے کی حمایت کرتی ہے، جب بھی قیادت کہے گی پیپلزپارٹی احتجاج کا راستہ اپنائے گی، حکومت کا رہنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، حکومت برقرار رہے گی تو ملک میں مزید فاشزم آئے گا،ملک میں مارشل لا کا خدشہ نہیں، ماضی سے اداروں نے سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے عوامی دبا ؤکے نتیجے میں تاجروں کو عارضی ریلیف ملا،عوامی دبا ؤکے نتیجے میں ہی ایوب خان، ضیا ء الحق اور پرویز مشرف گئے، ہم عوامی دبا سے ہی حکومت کو چلتا کریں گے، حکومت نے ایک بار پھر بجلی کے نرخ میں اضافہ کر کے تحفہ دیا ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ انہیں حلقہ بندیوں کے لیے چھ ماہ کا وقت درکار ہے، نیا بلدیاتی نظام جلد بازی میں لایا گیا، بلدیاتی نظام غیر جماعتی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں ں ے کہا کہ آصف زرداری کا وزن بہت تیزی سے کم ہو رہا ہے، نواز شریف کی طرح آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے۔