اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈار کے حوالے سے انٹرپول کے باوجوہ انکار کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی معزز عدالت نے اسحاق ڈار کو عدالت میں پیش نہ ہونے اور ملک سے فرار ہونے کی بنیاد پر اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ اسحاق ڈار کیخلاف نیب کا آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں بدعنوانی کاریفرنس تیار ہے۔ انٹرپول کسی کو بے گناہ قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا کیونکہ انٹرپول کو متعلقہ ملزم
کو گرفتار کر کے متعلقہ ملک کے حوالے کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ انٹرپول کو گرفتار کر کے پاکستان کے حوالے کرنے سے باوجوہ انکار کے ضمن میں یہ بات قابل غور ہے کہ نیب کے پاس دوسرے آپشنز موجود ہیں جو کہ نہ صرف استعمال کئے جا رہے ہیں بلکہ اسحاق ڈار کو بیرون ملک سے واپس وطن لانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مذکورہ مقدمات کافیصلہ صرف اور صرف ملکی عدالتوں کااستحقاق ہے۔