اسلام آباد (این این آئی)رومانیہ نے پاکستان سے پانچ لاکھ سے زائد افرادی قوت در آمد کر نے کی خواہش ظاہر کر دی ۔ بدھ کویہاں پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولے گوئیا نے معاون خصوصی زلفی بخاری سے ملاقات کی ۔ سفیر نے کہاکہ رومانیہ پاکستان سے 500000 سے زیادہ افرادی قوت درآمد کرنے کا خواہشمند ہے۔سفیر نے رومانیہ میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ
رومانیہ کو دس لاکھ سے زیادہ افرادی قوت کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ رومانیہ کو کم از کم 40000 ڈرائیوروں کی ضرورت ہے اس کے علاوہ، ڈاکٹروں، انجینئرز، تعمیراتی کارکنوں اور ماہرین کی ضرورت ہوگی،رومانیہ پاکستان کے لئے بے مثال موقع پیش کر رہا ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ ہم پاکستانی لیبر کی مہارت کی طرف توجہ دے رہے ہیں، بین الاقوامی ڈونر ایجنسیاں پیشہ ورانہ تربیتی اداروں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔