قصور(این این آئی)ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا ہے کہ ضلع قصور میں سرکاری محکموں نے وزیر اعظم پورٹل سے موصول ہونیوالی922 شکایات کا ازالہ کر دیا ہے،افسران و ملازمین شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پہلے سے بھی بڑھ کر محنت سے کام جاری رکھیں اور شکایات کا تیز ی سے ازالہ یقینی بنائیں۔یہ ہدایات انہوں نے وزیر اعظم پورٹل کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز چوہدری محمد ارشد،
رانا شہزاد احمد، اسسٹنٹ کمشنرز،میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز، ہیلتھ ، ایجوکیشن سمیت ضلعی محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایس این اے سید علی مرتضیٰ نے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے بتایا کہ ابتک ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ شہریوں ک ی292، میونسپل کمیٹیوں سے متعلقہ 450 شکایا ت کا ازالہ کیا گیا ہے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی101اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی190شکایات کا بھی ازالہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ای پورٹل کا مقصد ای گورننس کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ ہے، افسران یقینی بنائیں کہ شکایات کے حوالے سے مقررہ معیاد میں ایکشن لیکر پورٹل پر اپ ڈیٹ بھی کر دیا جائے،۔انہوں نے ہدایت کی کہ نئی موصول ہونیوالی 278شکایات کے زالے کیلئے بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر اپنی تحصیلوں میں میونسپل سروسز کے حوالے سے شکایات کے حل کیلئے اقدامات کی نگرانی کریں، اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بھی یقینی بنائیں کہ کوئی شکایت زیر التواء نہ رہے اور عوام کیطرف سے جن امور کی نشاندہی کی جاتی ہے انکی روشنی میں خدمات کا معیار بہتر سے بہتر بنایا جائے۔