کراچی(این این آئی)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اورایف پی سی سی آئی کے صدراتی امیدوار دارو خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں نو کھرب مکعب فٹ گیس اور پانچ سو ملین بیرل تیل کے معلوم ذخائر مدفون ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جائے تو ملک کو مہنگی ایل این جی درامد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ان ذخائر سے فائدہ اٹھانے کیلئے سرمایہ کاری کی جائے تو
معیشت ترقی کرے گی جبکہ روزگاری اور عسکریت پسندی پر بھی قابو پالیا جائے گا۔مقامی گیس سستی ہو گی جس سے ملکی ترقی کی رفتاربڑھ جائے گی۔ صوبہ خیبر پختونخوا ہ تیل کی کل پیداوارکا نصف اور گیس کی پیداوار کا دس فیصد فراہم کر رہا ہے اضافی گیس دیگر صوبوں کو بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تین سو پچاس ٹن ایل پی جی کی پیداوار اسکے علاوہ ہے۔تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانا وقت کا تقاضہ ہے تاکہ اقتصادی صورتحال بہتر ہو سکے۔دارو خان اچکزئی نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تیل اور گیس کے تمام بلاکس کو فعال کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ توانائی بحران کم کیا جا سکے۔ اس صوبے میں آئل اینڈ گیس کی دریافت کا تناسب بین الاقوامی اور ملکی اوسط سے بہت بہتر ہے جسکی وجہ سے امریکی، کویتی، چینی اور دیگر کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں مگر سیکورٹی خدشات رکاوٹ بنے ہوئے ہیں جنھیں جلد دور کیا جائے ۔فوجی آپریشن کی وجہ سے سیکورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے مگر ابھی غیر ملکیوں کے خدشات باقی ہیں جنھیں مکمل طور پر دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔