اسلام آباد(اے این این)وزارت انسانی حقوق نے خواتین کو وراثت کے حقوق کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی ہے۔اس مہم کا مقصد عوام کو خواتین کے حقوق کے بارے میں باشعور کرنا ہے تاکہ وہ خواتین کو وراثت میں ان کا جائز حق دینے کے بارے میں قوانین سے آگاہ ہو سکیں۔انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹرشیریں مزاری نے اس سلسلے میں کہاہے کہ اسلام اورپاکستان کا آئین خواتین کو وراثت کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور اس سلسلے میں واضح
رہنمائی فراہم کرتاہے۔انسانی حقوق کی وزارت کی طرف سے مفت قانونی امداد فراہم کرنے کیلئے 1099ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔وزارت نے آگاہی مہم کے سلسلے میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا ایک وڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے اس ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ خاندانی اور معاشرتی دباؤ میں آ کر عورتوں کا وراثت میں جائز حق نہ دینا صریحاً قرآن و حدیث اور آئین پاکستان کے منافی ہیں۔