اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والا ملتان سے آزاد امیدوار سلمان نعیم تحریک انصاف میں شامل ہو گیا، تفصیلات کے مطابق سلمان نعیم نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما علیم خان بھی موجود تھے، اس ملاقات میں شیخ سلمان نعیم نے عمران خان کی حمایت کی، اس امیدوار کو اپنے ساتھ لے کر علیم خان اور جہانگیر ترین بنی گالہ پہنچ گئے ہیں
جہاں وہ عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ملتان میں شاہ محمود قریشی کو انتخابات میں شکست دینے والے آزاد امیدوار سلمان نعیم بٹ نے جہانگیر ترین کو پارٹی میں شمولیت سے انکار کر دیا تھا جبکہ حمزہ شہباز کو گرین سگنل دیتے ہوئے دوستوں سے مشاورت کے لئے ٹائم مانگا تھا۔ ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والا سلمان نعیم بٹ تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) دونوں کے لئے ہاٹ فیورٹ ہو گیا، جمعہ کی شب کو پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان نے سلمان نعیم بٹ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی لیکن سلمان نعیم نے انکار کر دیا پھر ہفتہ کے روز مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے بھی آزاد امیدوار سے رابطہ کیا اور پنجاب میں حکومت بنانے کے بعد اچھا عہدہ پیش کرنے کی پیش کش کی تو سلمان نعیم نے دوستوں سے مشاورت کے لئے ٹائم مانگ لیا۔