اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف عوامی تحریک کا احتجاج، عمران خان کا طاہر القادری کے کنٹینر پر آصف زرداری کے ساتھ بیٹھنے سے انکار،تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ایک دوسرے سے متعلق تحفظات پر زرداری اور عمران خان کا الگ الگ وقت
پر خطاب شیڈول کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف عوامی تحریک کے احتجاج کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طاہر القادری کے کنٹینر پر آصف زرداری کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 17 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کے کنٹینر میں آصف زرداری کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا ہے۔ اب عمران خان اور آصف زرداری الگ الگ خطاب کریں گے۔دوسری جانب عوامی تحریک کی کور کمیٹی میں 17جنوری کو سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف ہونےوالے اجلاس میں اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ایک دوسرے سے متعلق تحفظات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کو اس موقع پر متحد رکھنے کیلئے آصف زرداری اور عمران خان کا احتجاج کے شرکا سے خطاب الگ الگ وقت پر رکھا جائے۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے 17جنوری کو سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف طاہر القادری کی کال پر احتجاج میں شرکت کا اعلان کر رکھا ہے۔