واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کا حقائق نامہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق پاکستان میں دہشت گروں کے خلاف 13 بڑے فوجی آپریشن کیے گئے ٗ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 6 ہزار 8 سو اہلکاروں سمیت 21 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے۔نجی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں منعقد کی گئی
ایک تقریب کے دوران پاکستانی سفارتخانے نے حقائق نامہ جاری کیا۔تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم نہ کرنے کو باعث افسوس قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی نہیں تھی، بلکہ یہ ہم پر مسلط کی گئی جس کے بعد یہ پاکستان کی جنگ بن گئی۔اعزاز احمد
چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اْس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک دہشت گردی کامائنڈ سیٹ ختم نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان اور امریکا کی دشمن ہے اور اس کے خلاف ہمیں مل کر لڑنا ہوگا۔پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ افغانستان میں استحکام پاکستان کی ذمیداری نہیں، لیکن یہ پاکستان اور امریکا کے مفاد میں اور دونوں کا مشترکہ مقصد ہے۔