نوشہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے کے امام مساجد کے لیے ماہانہ وظیفہ 10 ہزار روپے مقرر کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے بدرشی اور کوترپان میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں تیس ہزار پیش امام صاحبان کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دے گی لیکن اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈاک اسماعیل خیل میں جامعہ کریمیہ غفوریہ
کے زیراہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماہانہ وظیفہ صوبے کی تمام جامع مساجد کے امام صاحبان کو اگلے چند ہفتوں میں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر باقاعدگی سے ملے گا، اس موقع پر پرویز خٹک نے واضح کیا کہ اتنی معمولی رقم دراصل تنخواہ نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی جانب سے علماء اور آئمہ کے بلند مقام کا علامتی اعتراف ہے، ہم معاشرے میں علماء کا احترام بڑھانے میں مزید اقدامات سے بھی گریز نہیں کریں گے۔