نیویارک/اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کا کوئی فوجی حل نہیں ٗ پاکستان اور افغانستان کو مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگاسیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی سے ملاقات کی، دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان میں
امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کیلئے افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان کی صورتحال کا کوئی فوجی حل نہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ افغان عوام اور قیادت پر مشتمل امن عمل پر توجہ دینا ہوگی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتی ہے اور انہوں نے تمام سطحوں پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔