اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں دہشتگردی خدشات کے پیش نظر متعدد مزارات بند کر دئیے گئے، سکیورٹی ہائی الرٹ، سنیپ چیکنگ بھی بڑـھا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں حالیہ دہشتگردی کی لہر کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ گشت کے علاقے کو بھی بڑھا دیا گیا ہے جبکہ ناکوں پر سخت چیکنگ جاری ہے
جبکہ حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں ایف سی کی بھی مدد حاصل کر لی گئی ہے۔ملک بھر میں متعدد مزارات کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر زائرین کیلئے بند کر دیا گیا ہےجن میں لاہور میں دربار بی بی پاک دامن ، اسلام آباد میں بری امام سرکار،کراچی میں عالم شاہ بخاری جبکہ ملتان میں شاہ رکن عالم، بہائوالدین زکریا، شمس الدین سبزواری، شاہ گردیز سمیت دیگر کئی مزارات زائرین کیلئے بند کر دئیے گئے ہیں۔ بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی، لاہور میںحضرت داتا گنج بخش اور پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر کے مزارات پر بھی سکیورٹی سخت کرتے ہوئے کڑے انتظامات کر دئیے گئے ہیں۔ کراچی میں رینجرز نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کرتے ہوئے اسنیپ چیکنگ بڑھا دی ہے جبکہ شہر میں موجود غائب شاہ، جمن شاہ سمیت دیگر مزارات ، مساجد اور امام بارگاہوں پر بھی سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔