سانگلہ ہل (مانیٹرنگ ڈیسک)وارڈ نمبر2منڈی مڑھ بلوچاں کے رہائشی محمد اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے مقامی ایڈیشنل سیشن جج رائے محمد خان کھرل کی عدالت میں رٹ دائر کر دی،عدالت نے تھانہ صدرپولیس سے 21فروری تک رپورٹ طلب کر لی۔رٹ کی پیروی تحسین خان ایڈووکیٹ نے کی۔ رٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے 7 مسلم ممالک کیخلاف مسیحی مذہب و
رنگ و نسل کی آڑ میں سفری داخلہ پابندی کا اشتعال انگیز اور امریکی اقدار کے منافی ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا۔ وائٹ ہاؤس کا حکم نامہ اور اپیل مسترد ہونے کے بعد بھی امریکی صدراور امریکہ کا پاکستان میں نامزد سفیر مسلسل اسلامی بھائیوں کو میڈیا پر دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ اعظم خان نے عدالت کو بتایا کہ تحریری درخواست تھانہ صدر کے انچارج کودی جو ماتھا پکڑ کر بیٹھ گیا اور کہنے لگا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج کرنا موت کو آواز دینے کے مترادف ہے ۔ درخواست تھانہ سے لے کر چلے جاؤ۔محمد اعظم خان نے عدالت سے استدعا کی کہ صدر ٹرمپ اور پاکستان میں امریکی سفیر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے ۔