لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے پہلی بار پاکستان سے گندم مانگ لی جس پر تاجروں نے بھی محکمہ خوراک پنجاب سے رابطے کرلیے۔ بھارت کے ساتھ تجارت کرنیوالے تاجروں نے واہگہ کے راستے5 تا10 لاکھ ٹن گندم خریدنے کیلیے محکمہ خوراک پنجاب سے رابطہ کیا ہے جبکہ محکمہ خوراک پنجاب نے تاجروں کی جانب سے گندم کی قیمت165ڈالر فی ٹن کرنے کے مطالبے کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسپورٹ اور قیمت فروخت کے بارے میں حکومتی منظوری ملنے کی صورت میں محکمہ اخبارات میں ’’اظہار دلچسپی‘‘ کا اشتہار دے گا اور پھر جو بھی افراد حکومتی قیمت اور قواعد وضوابط کے مطابق بھارت ایکسپورٹ کیلیے گندم خریدنا چاہیں انھیں محکمہ گندم فروخت کریگا۔
محکمہ خوراک کی جانب سے بھارتی پیشکش کے بارے میں بریفنگ کے بعد چیف سیکریٹری نے کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں فلورملز ایسوسی ایشن نے بھارت کو گندم کی ایکسپورٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی تاجر ایک سوچی سمجھی اسکیم کے تحت یہ پیشکش کر رہے ہیں تا کہ مستقبل میں وہ افغانستان کو گندم فروخت کرنے کیلیے واہگہ کے راستے راہداری استعمال کرسکیں۔