اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ نگار عارف نظامی نے کہا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر کے گھر میں جو دعوت تھی اس میں سیاست دانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دعوت میں شاہ محمود قریشی اور اعتزاز احسن بھی شریک تھے، شاہ محمود قریشی نے جیسے ہی اعتزاز احسن کو دیکھا جو پہلے سے وہاں آئے ہوئے تھے تو انہوں نے کہا کہ میں آپ کو صبح سے ڈھونڈ رہا ہوں۔ جس پر اعتزاز احسن نے جواب دیا کہ خیریت، کوئی مسئلہ ہے کیا؟ تو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آپ سے بڑی ضروری بات کرنا چاہتا ہوں۔ عارف نظامی نے کہا کہ اعتزاز احسن نے 24 ویں ترمیم اور پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کو کہا ہے کہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے۔ اسے تمام اپوزیشن ایک ساتھ مل کر دیکھے اور اس پر لائحہ عمل ترتیب دینا چاہئے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اعتزاز احسن اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ وہ نواز شریف کے بچاؤ کیلئے اسمبلی میں پیش کی جانیوالی 24 ویں ترمیم کی بھرپور مخالفت کریں گے۔