اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف نے چوبیسویں آئینی ترمیم کی بھرپور مخالفت کیلئے پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شرکت پر غور شروع کر دیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں بل آنے پر اسکی پارلیمنٹ کے اندر مخالفت کی تجویز پر پارٹی میں غور کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی اور دیگر قائدین پارلیمنٹ کے اندر چوبیسویں ترمیم کی مخالفت کے حوالے سے لائحہ عمل کے لئے جلد عمران خان اور پارٹی سے مشاورت کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یہ قانونی سے زیادہ سیاسی معاملہ ہے، نئی ترمیم احتساب سے راہ فرار اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کے کسی متوقع حکومت مخالف فیصلے کی پیش بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب فرحت اللہ بابر نے یہ معاملہ اٹھایا تو مسلم لیگ ن اس کی مخالفت کر چکی ہے، ہم قانونی نہیں سیاسی بنیادوں پر اس ترمیم کی مخالفت کریں گے۔