اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بنی گالہ کے باہرتعینات پولیس اور ایف سی جوانوں سے ملاقات کی اور کارکنوں کو بلاوجہ گرفتار نہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بنی گالہ اور راستوں میں تعینات پولیس اور ایف سی کے جوانوں سے ملے اور انکی خیریت بھی دریافت کی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپکو اللہ نے لوگوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے، آپ کسی فرد یا گروہ کے نہیں بلکہ ریاست کے ماتحت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم نے اپکے ہاتھ میں بندوق ایک ایک فرد کے تحفظ کیلئے دی ہے اس لیے آپ کسی کے ذاتی مفادات کی بجائے قانونی کی پاسداری مقدم رکھیں اور کسی کی خوشنودی کے لئے اپنے ہم وطنوں کی تکریم میں کمی نہ آنے دیں ۔عمران خان نے پولیس اہلکاروں سے درخواست کی کہ قانون ہاتھ میں نہ لیں ، عملدآری کیلئے پوری محنت کریں ۔