لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دو نومبر کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں وزیر اعظم کے جلسے کرنے پر کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی جبکہ پنجاب میں جہاں (ن) لیگ کی حکومت وہاں عمران خان کے جلسے سے قبل کنٹینرز لگا دیئے گئے اور گرفتاریاں کر لی گئیں اور قوم نے جمہوریت اور آمریت میں فرق دیکھ لیا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دو نومبر کا پروگرام جوں کا توں ہے ،باہر نکلو اوراپنا آئینی او رجمہوری حق استعمال کرو اور پر امن احتجاج کال پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد پہنچو ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی دھجیاں اڑا دی ہیں اس کے خلاف آزاد عدالیہ کو حرکت میں آنا چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کوہاٹ میں نواز شریف کا جلسہ تھاجہاں تحریک انصاف کی حکومتی ہے لیکن وہاں کوئی رکاوٹ ڈالی گئی ہے ،کوئی کنٹینر لگا اور نہ ہی کوئی گرفتاری کی گئی اورکوئی دفعہ 144کا نفاذ نہیں تھا۔ پنجاب میں لال حویلی میں عمران خان کا جلسہ تھا لیکن وہاں کنٹینر ز لگ گئے گرفتاریاں کی گئیں اور دفعہ 144کا نفاذ کر دیا گیا یہ جمہوریت اور آمریت میں فرق ہے ۔