اسلام آباد(آئی این پی ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہاہے کہ عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپختون خوا چلے جائیں اور بعد میں سامنے آئیں کیوں کہ گزشتہ روز پیدا ہونے والے حالات کا پہلے سے علم تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا جاکر رپوش ہوجائیں وہاں انہیں کوئی بھی گرفتار نہیں کرے گا اور مناسب وقت پر ایک بڑے جلوس کے ہمراہ منظر عام پر آئیں کیوں کہ گزشتہ روز پیدا ہونے والے حالات پہلے سے علم تھا ان حالات کی پیش گوئی پہلے ہی کردی تھی۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا ہمیں احتجاجی تحریکوں کا بہت تجربہ ہے ہم بھی احتجاج کے دوران خفیہ ٹھکانوں پر چلے جاتے تھے اور مقررہ جگہ اور وقت پر ہی سامنے آتے تھے۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اگر احتساب ریلی کی قیادت خیبرپختونخوا میں کرتے تو موجودہ حالات سے بچ سکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی قیادت یہ سمجھ رہی ہے کہ قیادت گرفتار ہوگئی تو کارکن باہر نکل آئیں گے یہ ان کی غلط فہمی ہے کیوں کہ کسی بھی تحریک کی قیادت کیلئے رہنماؤں کا باہر اور کارکنان کے درمیان ہونا بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کو ایم آر ڈی تحریک سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔