لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفارق نے کہاہے کہ لال حویلی سے ملحقہ پانچ مرلے کی پراپرٹی متروقہ وقف املاک کی ہے۔ جس پر شیخ رشید نے مشرف دور میں قبضہ کیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہاکہ شیخ رشید قبضہ گروپ ہے۔ لال حویلی سے ملحقہ متروکہ کے پانچ مرلے کے پلاٹ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔عدالت میں اس پراپرٹی کا مقدمہ چل رہا ہے جس کی سترہ سماعتیں ہوئیں اور شیخ رشید اس پر نو دفعہ التوالے چکے ہیں۔ اگروہ کیس نہ لٹکاتے تو چھ ماہ قبل اس کا فیصلہ ہوچکا ہوتا۔متروقہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ متروکہ کی انتظامیہ نے اسی پلاٹ کے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کیاتھا۔ شیخ رشید کو اگر یہ پراپرٹی پیاری لگتی ہے تو پندرہ کروڑ روپے ادا کر دیں وہ قانونی طور پر یہ اراضی ان کے نام کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سفارش اور رشوت پر یقین نہیں رکھتے اس لیئے ابتک وہ کرائے کے مکان میں رہ رہے ہیں۔ جبکہ وہ ابتک متروکہ کی پندرہ ارب روپے کی اراضی واگزار کراچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے اس معاملے پرقریبی ساتھیوں سے مشورے شروع کردیئے ہیں ۔