اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کل ‘دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کردیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاہےکہ ‘2 نومبر کو راولپنڈی بھی ہر صورت بند ہوگا اور چاندنی چوک سے اسلام آباد تک ہر گلی محلے سے لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ شیخ رشید نے مزید کہا، ‘ابھی تک ہم نے آغاز نہیں کیا تھا لیکن کل ہم لال حویلی سے آغاز کریں گے۔انھوں نے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ‘مبارک ہو، آپ نے کھیل شروع کردیا ہے اور اب ہم آپ کو اس کے انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے لال حویلی پر قبضے کو غیر قانونی قرار دینے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ گذشتہ روز شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہیں متروکہ ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی بی پی) کی جانب سے لال حویلی 15 روز کے اندر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے