اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے نہیں تھا۔ ابتدائی رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو پیش کر دی گئی ایک نجی ٹی وی کے مطابق تینوں دہشت گرد غیر ملکی نکلے۔ نادرا ڈیٹا بیس سے شناخت نہیں ہو سکی جس کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے حوالے سے وزیر داخلہ کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تینوں دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے نہیں تھا۔ ان کے اعضاء کی نادرا کے ڈیٹا بیس سے شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم حتمی شناخت کا پتہ لگانے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔ جبکہ ایس پی کوئٹہ کے مطابق مزید تحقیقات کے لئے پنجاب فرانزک لیبارٹری کوبھی رپورٹ بھیجی جائے گی ۔