اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کو سیل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں چار درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ درخواست میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا انٹرویو نشر نہ کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواستیں شہری تسلیم عباسی ،راجہ مقصود حسین،فیض احمد چیمہ اورمحب اللہ نے دائر کی ہیں جن میں وزارت داخلہ ،چیئرمین پیمرا،آئی جی اسلام آباد اور عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں اشتہاری ہے ایک اشتہاری شخص کس طرح وفاقی دارالحکومت کو بند کر سکتا ہے۔ آئی جی اسلام آباد عمران خان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ، دھرنے میں نہ صرف بچوں کی تعلیم متاثر ہو گی ،بلکہ کاروبار بھی متاثر ہو گا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چیئرمین پیمرا کو عمران خان کا انٹرویو نشر نہ کرنے کی ہدایت کرے اور چئیرمین تحریک انصاف کو دھرنے سے روکا جائے۔