حیدرآباد(این این آئی)رینجرز نے حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے دومزید غیر قانونی دفاتر مسمار کردیئے ہیں جبکہ سرکاری عمارتوں میں قائم ایم کیو ایم کے دفاتر خالی کرواکرمتعلقہ اداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایم کیوایم کے غیرقانونی دفاترگرائے جانے کاسلسلہ جاری ہے۔ رینجرزنے حیدرآباد میں تازہ کارروائی کے دوران متحدہ کے دودفاترکوملبے کاڈھیربنادیاگیا۔رینجرز کی نگرانی میں بلدیہ کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے پہلے ذیل پاک کالونی سائٹ ایریا میں قائم ایم کیو ایم لندن کا غیر قانونی دفترگرایا۔ جس کے بعد لیاقت اشرف کالونی میں تفریحی پارک کے اندر قائم ایم کیو ایم کا یونٹ آفس بھی مسمار کردیاگیا۔اس کے علاوہ رینجرز نے اسسٹنٹ کمشنر اور بلدیہ افسران کے ساتھ لبرٹی چوک اور مسان روڈ پر واقع سرکاری عمارتوں میں قائم ایم کیو ایم کے دفاتر کادورہ بھی کیا۔ دونوں دفاتر کو تالے لگے ہوئے تھے۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ افسران کی مشاورت سے رینجرز نے فیصلہ کیاکہ یہ دفاترگرانے کی بجائے خالی کراکر متعلقہ سرکاری اداروں کے حوالے کردیئے جائیں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں