کراچی/ لاہور(نیوزڈیسک) پی ڈی ایم اے سندھ نے خبردار کیا ہے کہ 16 جولائی تک کراچی میں پارہ 40 سنٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں مصنوعی بارش کے حوالے سے اجلاس میں تیاریوں اور اخراجات کا جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں۔ لاہور میں سارا دن گھنے بادلوں نے سائبان تانے رکھا۔ کہیں کہیں ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے موسم کی دلفریبی مزید بڑھا دی۔ گوجرانوالہ میں بھی چھما چھم برسنے والی بوندوں نے موسم خوشگوار کر دیا۔ فیصل آباد،، سیالکوٹ، قصور، ڈسکہ، میانوالی، کندیاں، مالاکنڈ اور بنوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے اکثر مقامات پر جبکہ بلوچستان اور بالائی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بادل برس سکتے ہیں۔