اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اڑھائی ارب روپے کے مبینہ کرپشن کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی 7 روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نیب کی پریس ریلیز کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مبینہ کرپشن کا نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا میڈیا رپورٹس کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نذیر احمد ، سابق رجسٹرار محمد بشیر شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر ظفر الیاس اور محکمہ سوشل سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر اے عمیر پر ترقیاتی کاموں ، ٹرانسپورٹ اور بھرتیوں میں مبینہ کرپشن کے ذریعے لوٹ مار کرنے کا الزام ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں مبینہ اڑھائی ارب روپے کی کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو معاملہ سے متعلق 7 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔