کوئٹہ(نیوزڈیسک) چمن میںقانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک افغان بارڈر پر کارروائی کے دورا2 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق کراچی کی بڑی سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے جب کہ ملزمان کے عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ترجمان ایف سی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چمن میں پاک، افغان بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت محسن علی اور خالد شمیم کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کا تعلق کراچی کی بڑی سیاسی جماعت سے ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع وزارت داخلہ کو بھی دے دی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں افراد کو پاک افغان بارڈر سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا اور انہیں تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف امیگریشن کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا جائے گا اور بعد ازاں ایف آئی اے دونوں ملزمان کو سندھ پولیس کے حوالے کردے گی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان محسن علی اور خالد شمیم کے ایم کیوایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کو کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔